ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو میں ڈی کے شیو کمار نے کہا : ہمیں دیش کی حفاظت کی ذمہ داری نبھانا ہے 

منگلورو میں ڈی کے شیو کمار نے کہا : ہمیں دیش کی حفاظت کی ذمہ داری نبھانا ہے 

Thu, 25 Jan 2024 13:42:35    S.O. News Service

منگلورو، 25 / جنوری (ایس او نیوز) منگلورو کے مضافات اڈیار میں سُنّی  یوا جنا سنگم (ایس وائی ایس) کے دسویں سالانہ اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیو کمار نے بی جے پی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی پارٹی دیش کے لوگوں کے جذبات سے کھیلتے ہوئے سیاست کر رہی ہے ، لیکن ہم لوگ عام لوگوں کی زندگی میں تبدیلی لانے کی قوت ابھارنے والی سیاست کرتے ہیں ۔ اس لئے دیش کو توڑنے والی طاقتوں کو ختم کرتے ہوئے دیش کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری  ہم سب کو سنبھالنی چاہیے۔
    
انہوں نے کہا کہ دھرم چاہے جو بھی ہوں ان کا مقصد اور اصول ایک جیسے ہوتے ہیں ۔ اس لئے ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ہوا، پانی، چاند، سورج کی کوئی  ذات اور ان کا کوئی دھرم نہیں ہوتا ۔ انسانیت کو زندہ اور باقی رکھنا آسان ہونا چاہیے ۔ نوجوان نسل اس دیش کا سرمایہ ہے ، اس لئے ثقافت اور دھرم کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے ۔ کسی کو بھی کسی کے دھرم  اور رہن سہن کے معاملے میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔
    
شیو کمار نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی حکومت نے مسلم طبقہ کو جو تکلیف پہنچائی ہے اس کا ہمیں بہت افسوس ہے ۔ اب سدارامیا کی قیادت والی کانگریسی حکومت مسلمانوں کو تحفظ فراہم کر رہی ہے ۔ مسائل کو حل کیا جا رہا ہے ۔ سماج کے تمام طبقات کو انصاف دلانے پر کاربند ہے۔
    
اس موقع پر بولتے ہوئے مفتی اے پی ابوبکر مصلیار کانتاپورم  نے کہا کہ دانشوروں کے ذریعے وضع کیے گئے دیش کے دستور کو ہم کسی بھی قیمت پر بدلنے نہیں دیں گے ۔ ملک کا دستور بدلنے کا کسی کو بھی حق نہیں ہے ۔ سماج کا ہر طبقہ اپنے اپنے اصولوں اور مقاصد کے تحت زندگی گزارنے کے لئے آزاد ہے  ۔ دستور کے بنیادی اصولوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی ۔ مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں ۔ فرقہ پرست بھی نہیں ہیں . بلکہ امن پسند ہیں ۔ ملک کے مفادات کو ترجیح دینے والے ہیں۔


Share: